پشاور کے مزید تین علاقوں کے لیے بی آر ٹی فیڈر روٹس کو توسیع دینے کی منظوری سمیت جی ٹی روڈ پر قائم ٹرک اڈے اور بس اسٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے زمین کی خریداری کی بھی منظوری دے دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں پی ڈی اے کے نئے سروس ریگولیشنز کی اصولی منظوری، پی ڈی اے کے معذور ملازمین کو خصوصی کنونس الاؤنس دینے اور کوہاٹ روڈ، چارسدہ روڈ اور ورسک روڈ کا انتظام پی ڈی اے کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ریگی للمہ، ورسک روڈ اورڈیفنس ہاوسنگ سکیم تک بی آر ٹی کے فیڈر روٹس کو توسیع دینے کی بھی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں جی ٹی روڈ پر قائم ٹرک اڈے اور بس اسٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے زمین کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی، مارچ کے آخر تک نئے بس اسٹینڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے ہدایت کی کہ پشاور ماڈل ٹاؤن کے مجوزہ منصوبے پر دی گئی ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے۔