اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے،قبضہ مافیا اپوزیشن رہنماؤں کی اے ٹی ایم مشینیں ہیں۔
حقیقی فارن فنڈنگ تو نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان لیتے رہے،انکے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، الیکشن کمیشن میں ایکسپوز ہونگے۔
شدید مہنگائی کی لہر پر قابو پالیا، اشیاء کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں،صوبے کے ہر شہری کو مفت صحت سہولیات دینا ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔خیبرپختونخواکے بعد پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ میثاق جمہوریت میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے سینٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کی تجویز پر اتفاق کیا تھا، اپوزیشن سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز سے بھاگ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ کرکے سینٹ کی سیٹیں حاصل کرنا چاہتی ہے، شفاف انتخابات میں اپوزیشن جماعتیں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
حکومتی رہنماؤں کو سرکاری زمینوں پر قبضوں کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ مسئلہ ہے،قبضہ مافیا اپوزیشن رہنماؤں کی اے ٹی ایم مشینیں ہیں، گزشتہ حکومتوں کی مدد سے مافیا سرکاری زمینوں پر قابض ہوا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سرکاری زمینوں سے کمائی کے پیسے سے یہ سیاست کرتے رہے، الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف نے اپنے ڈونرز کا مکمل ریکارڈ پیش کر دیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو مختلف ممالک اور شخصیت نے فنڈنگ کی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ تحریک انصاف نے کسی حکومت یا این جی او سے پیسے نہیں لیے،حقیقی فارن فنڈنگ تو نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان لیتے رہے،انکے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، الیکشن کمیشن میں ایکسپوز ہونگے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتائج ملنا شروع ہو چکے ہیں، شدید مہنگائی کی لہر پر قابو پالیا، اشیاء کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، آج افراط زر اس سطح سے کم ہے جس سے سطح پر ہم نے حکومت سنبھالی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام کو منتقل کررہے ہیں، خیبرپختوخوا یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے، صوبے کے ہر شہری کو مفت صحت سہولیات دینا ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے،خیبرپختوخوا کے بعد پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔