مجرمان کی حوالگی، پاکستان اور برطانیہ معاہدہ جلد کرنے پر متفق

اسلام آباد:پاکستان اور برطانیہ نے مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

  ملاقات میں پاکستان؛ برطانیہ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ اور برطانوی ہائی کمشنر کا معاہدے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہناتھاکہ  برطانیہ کے ساتھ تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ برطانیہ کی پاکستان سے متعلق مثبت سکیورٹی ایڈوائس کی وجہ سے ملک کو بہت فائدہ ہوا۔

  پاکستان کا بیرونی دنیا میں تاثر بہتر ہوا۔شیخ رشید احمد نے کہا  بڑی بدقسمتی ہے کہ غریب ملکوں سے پیسہ لوٹنے والے بڑے ملکوں میں پناہ لیتے ہیں۔ ایسے اقدامات کرنے چاہئے کہ جرم کرنے والے شخص کو کہیں پناہ نہ ملے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطے مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

  اس موقع پر  برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے حوالے سے پاکستان کے انتظامات اطمینان بخش ہیں۔  پاکستان کی داخلی سکیورٹی بہت تسلی بخش ہے۔

 پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔  برٹش ایئرویز اور ورجن ائیرلائنز چلنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا