کورونا سے مزید 56 اموات، ایک ہزارسے زائد مثبت کیسز رپورٹ

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ ایک دن کے دوران  56 افراد جاں بحق ہوئے ،جبکہ مزید ایک ہزار 384 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  35 ہزار 460 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 384 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں  کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار184 ہوگئی ہے۔ جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 56 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار 802 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 49 ہزار 032 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 04 ہزار 046 ہوگئی ہے۔