کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لاہور کے کوٹ لکھپت جیل میں قید اپوزیشن لیڈر اور (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس پر جیل انتظامیہ نے فوری طور پر انہیں انمول کینسر ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا تفصیلی معائنہ و علاج کیا جائے گا۔
قائد حزب اختلاف کی اسپتال منتقلی کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور ہسپتال و اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہباز شریف کو بلڈ کینسر کا مرض لاحق رہا ہےاور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سربراہی میں اسپیشل میڈیکل بورڈ ان کا علاج کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نیب کے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔