پشاور:خیبرپختونخوا سے سینیٹ ا نتخابات کیلئے پہلے روز چھ متوقع امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں
سینٹ انتخابات کے لئے پہلے دن جن متوقع امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں ان میں عباس آفریدی،فیصل سلیم الرحمان،اسد سلیم الرحمان، مسعودالرحمان اور مس فرح کے علاوہ ایک اقلیتی امیدوار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مارچ میں ملک کے دوسرے صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا سے بھی سینٹ کی بارہ نشستیں خالی ہونگی جن میں سات جنرل،دو ٹیکنو کریٹ،دو خواتین کی مخصوص جبکہ ایک اقلیتی نشست شامل ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق متوقع امیدوارں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی وصولی کے لئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے امیدوار کاغذات نامزدگی دفتری اوقات یعنی صبح 10 بجے سے شام 4بجے تک صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخوا دفتر واقع بالمقابل گالف کلب گیٹ نمبر2 شامی روڈ پشاور سے حاصل کر سکتے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یاددہانی کرائی گئی ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ منسلک کر دیں تاہم آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے امیدواران پارٹی ٹکٹ منسلک کرنے سے مبرا ہیں۔
مزید برآں امیدواران کو اس بات کی بھی یاددہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اپنے انتخابی اخراجات کرنے کے حوالے سے کسی بھی شیڈول بینک کی کسی بھی برانچ میں اس مقصد کے لیے مخصوص اکاؤنٹ کا اجراء کروا لیں کیونکہ اس کا اکاؤنٹ نمبر کاغذات نامزدگی میں درج کرنا ضروری ہے لہذا اس حوالے سے بھی پہلے سے تیاری کر لی جائے قانون کے مطابق امیدوار کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے انتخابی اخراجات اس مخصوص بینک اکاؤنٹ کے علاوہ کسی بھی دوسرے بینک اکاؤنٹ سے کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق ایک امیدوار کے لیے انتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپے مقرر ہے لہذا بینک اکاؤنٹ کھولتے وقت 15 لاکھ سے زیادہ رقم بینک اکاؤنٹ میں نہ رکھی جائے الیکشن کمیشن آف پاکستان 11 فروری 2021 کو سینیٹ الیکشن کے شیڈول جاری کرے گا۔