اسلام آباد /لاہور:مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ محمد سعد حسین رضوی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سعد رضوی کی گرفتاری کی تصدیق وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی کردی ہے۔
وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ سعد رضوی ایک مقدمے میں مطلوب تھے اور وہ لاہور میں ایک نماز جنازہ میں شرکت کے بعد بعد واپس جارہے تھے کہ انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم وزیر داخلہ نے ان پر مقدمے کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔ دریں اثناء تحریک لبیک کے رہنما عنایت الحق نے بھی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔
عنایت الحق کا کہنا ہے کہ حافظ محمد سعد حسین رضوی کو ایلیٹ فور س کے دستوں نے گرفتار کیا ہے۔سربراہ تحریک لبیک پاکستان سیاسی و تاجر رہنما رانا اختر کا جنازہ پڑھانے لاہور میں موجود تھے۔
حافظ سعد حسین رضوی کو وحدت روڈ پر جاتے ہوئے سکیم موڑ چوک سے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ سعد رضوی کو سولہ اپریل کا احتجاج روکنے کیلئے حراست میں لیاگیا ہے کیونکہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق تحریک لبیک نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا تھا جبکہ حکومت اس معاملے پر ان سے وقت حاصل کرنا چاہتی تھی جس پر سعد رضوی راضی نہ ہوئے اور اسی وجہ سے ان کو گرفتار کرلیاگیا۔
ذرائع کا مزید کہنا کہ سعد رضوی کی گرفتاری پر ملک بھر میں تحریک لبیک کے کارکنوں میں شدید تشویش اور غصہ پایا جاتا ہے اورانہوں نے گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال بھی دے دی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک نے 20 اپریل کو حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔
تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد رضوی کا موقف تھا کہ حکومت 20 اپریل سے پہلے فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالے۔
دوسری جانب حافظ محمد سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے، مختلف مقامات پر احتجاجوں کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر، ملتان روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،مظاہرین نے شہر کی شاہراہوں کو بند کردیا ہے۔سڑکیں بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
فیروز پور روڈ پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار، داروغہ والا چوک میں بھی ٹریفک روانی شدید متاثر ہے۔ملتان روڈ پر مظاہرین نے تھانے کی گاڑی توڑ دی، پولیس اہلکار گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
مظاہرین نے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرے بھی توڑ دیئے۔تحریک لبیک کے کارکنوں کا ملتان روڈ،چونگی امرسدھو سمیت مختلف شاہراہوں پر احتجاج جاری ہے، ترجمان تحریک لبیک نے حافظ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، لانگ مارچ ضرور ہوگا۔
تحریک لبیک نے ملک بھرمیں کارکنان کو اپنے اپنے شہروں میں احتجاج اوردھرنوں کی کال دی ہے۔