رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 سال بعد خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہو رہا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر اوقاف خیبر پختونخوا جمال الدین کے مطابق پشاور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کررہے ہیں،
انہوں نے بتایا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس عید گاہ چارسدہ روڈ پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے دفتر میں منعقد ہورہا ہے۔
ماہِ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوں گے۔
شہریوں کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادتوں کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور دفتر ایڈمسنٹریٹر اوقاف کے لینڈ لائن نمبر پر دی جاسکے گی۔
خیال رہے کہ 17 برس بعد ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے۔
تاہم مفتی شہاب الدین پوپلزئی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، انہیں اس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
دوسری جانب پشاور میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مقامی کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں ہوگا۔
یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے ہے۔
رمضان المبارک کے حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے کہا تھا کہ اس سال پورے ملک میں رمضان المبارک کا آغاز اور اختتام ایک ساتھ ہوگا۔
ان سے قبل 3 اپریل کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان میں رواں سال پہلا روزہ 14 اپریل 2021 کو ہوگا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزارت ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ انشا اللہ سال 1442 ہجری کے رمضان کا چاند 13 اپریل 2021 کی شام نظر آجائے گا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ رمضان کا چاند اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں صاف دکھائی دے گا۔
خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔
تاہم گزشتہ 2 برسوں سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رمضان سے کافی پہلے ہی چاند نظر آنے کی تاریخ کا اعلان کردیتے تھے، البتہ رواں برس رمضان المبارک کے چاند کا اعلان وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارم سے کیا گیا۔
گزشتہ برس بھی فواد چوہدری نے فروری کے مہینے میں ہی اعلان کردیا تھا کہ رمضان کا پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا بعدازاں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس اعلان کی توثیق ہوگئی تھی بعدازاں عید کے لیے بھی ان کی اعلان کردہ تاریخ درست ثابت ہوئی تھی۔
یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں وفاقی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کو عہدے سے ہٹا کر بادشاہی مسجد لاہور کے مہتمم مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کردیا تھا۔
بعدازاں ایک بیان میں کمیٹی کے نئے سربراہ مولانا عبدالخبیر نے عید سمیت مذہبی تہواروں میں تنازعات کو ختم کرنے کے لیے شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے چاند دیکھنے کے لیے سائنسی معلومات سے استفادہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔