اسلام آباد: ورلڈ بینک نے کورونا ویکسی نیشن کیلئے پاکستان کی امداد کی منظوری دیدی۔
ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان میں ”پینڈیمک رسپانس ایفیکٹونیس ان پاکستان“پراجیکٹ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔
اس کی منظوری اپریل 2020 سے پاکستان میں جاری قومی ویکسین مہم کی مالی معاونت کے لئے وفاقی حکومت کی درخواست پر کی گئی ہے۔
15کروڑ30 لاکھ ڈالرکایہ فنڈز عالمی بینک کے اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے محفوظ اور موثر کوویڈ 19 ویکسین کی خریداری میں مالی اعانت فراہم کریں گے، اس منصوبے سے صحت کے نظام اور ویکسینیشن مہم پر عمل درآمد کرنے کی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔
اس حوالے سے پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین نے کہا کہ کوویڈ 19 کی تیسری لہر مارچ 2021 میں پاکستان میں سامنے آئی، اس سے لاکھوں لوگوں کی جان اور روزگار کو خطرہ ہے عالمی بینک وبائی امراض کے معاشرتی اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو مدد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔