نائیجیریا کے آرمی چیف طیارہ حادثے میں جاں بحق

ابوجہ:نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست کادونا میں فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہونے کے باعث اس میں سوار نائیجیرین آرمی چیف ابراہیم عطاہرو سمیت تمام 11 فوجی افسران ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوج کے ترجمان محمد یریما نے ایک بیان میں بتایا کہ عطاہرو اور 10 دیگر افسران ابوجہ سے کادونا شہر جا رہے تھے جس کے دوران ان کا طیارہ کادونا میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک گر کر تباہ ہو گیا۔

کچھ فوجی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ مرنیوالے آرمی چیف جنہیں 26 جنوری کو چیف آف آرمی سٹاف مقرر کیا گیا تھا حادثے کے وقت کادونا کے سرکاری دورے پر تھے۔

فضائیہ کے ترجمان ایڈورڈ گبکویت نے ایک الگ بیان میں کہا کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ نیز طیارے میں سوار دیگر افسران کی شناخت بھی ابھی تک سامنے نہیں لائی گئی ہے۔

نائیجیریا کے صدر محمدو بوحاری نے اس واقعے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہوائی حادثے پر شدید غم پہنچا ہے۔

بوحاری نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے وقت میں جب ہماری مسلح افواج ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز کا خاتمہ کرنے کیلئے تیار ہیں یہ حادثہ ہمارے لیے ایک مہلک دھچکا ہے۔

 انہوں نے مرنیوالوں کو مثالی افراد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرزمین پر امن و سلامتی کیلئے انتہائی قیمت ادا کی۔

نائیجیرین رہنما نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مرنیوالوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔