دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے اولمپکس میڈل جیتنے والے ریسلر سشیل کمار کو ایک قتل کے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔
کُشتی کے مقابلے میں دو بار اولمپکس میڈل جیتنے والے سشیل کمار اپنے حریف پہلوان ساگر دھنکھر کے ساتھ چار مئی کو ہونے والی ایک مبینہ لڑائی میں ملوث تھے۔ اس لڑائی میں زخمی ہونے والے ساگر ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق سشیل کمار کو نیو دہلی کے علاقے منڈکا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پہلوان ساگر دھنکھر کے قتل کے معاملے میں سشیل کمار کے خلاف اغوا، قتل، غیر ارادی قتل کی دفعات کے ساتھ دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
کمار کی عمر 37 برس ہے اور ان پر الزام ہے کہ وہ فرار کے بعد انڈیا بھر میں ایک سے دوسری جگہ سفر کرتے رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق کمار کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انھوں نے پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک اور ریسلر جو کہ چتراسال سٹیڈیم کی لڑائی میں ملوث تھے وہ زخمی ہوئے اور ان کا علاج بھی ہو رہا ہے انھوں نے ایک افسر کے سامنے مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کی۔
پولیس نے اس کے بعد دہلی کے علاقے میں چھاپے مارنے کا آغاز کیا اور ایک ہزار تین سو پچاس امریکی ڈالر کا انعام اس شخص کے لیے رکھا جو کمار کی گرفتاری میں مدد کے لیے کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے گا۔
کمار نے سنہ 2012 کے لندن اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور اس سے چار سال پہلے بیجنگ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ انھوں نے کامن ویلتھ گیمز میں عالمی ٹائٹل اور گولڈ میڈل جیتا تھا۔