اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدر ی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے اندر امریکی اڈوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انتخابی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں ہے، اپوزیشن کی تجاویز کاانتظارہے۔500الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں،پریس کلبز اور بار کونسلز کے انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرینگے،اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مسلم لیگ ن سنجیدہ نہیں۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)بچوں کی طرح آپس میں لڑ رہے ہیں،دونوں جماعتوں کو اپنے طرز سیاست پر نظرثانی کرنا چاہیے۔
ریلوے کے نظام کو بہتر کرنا انتہائی ضروری ہے،ریلوے نظام کو بہتر کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کابینہ اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے افراد کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا،جو مسلمان ملکوں کو انتہا پسندی کا طعنہ دیتے تھے وہ اپنے اندر جھانکیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اسلاموفوبیا پر دنیا کی توجہ دلا چکے ہیں، وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلاموفوبیا مغربی معاشرے میں سرایت کر چکا ہے،مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں ہے،انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مسلم لیگ ن سنجیدہ نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کی مسلم لیگ ن کے موقف کی مذمت کرتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ 500الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں،پریس کلبز اور بار کونسلز کے انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر قانون نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کیا،احساس دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ ایک کروڑ 70لاکھ افراد احساس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں،احساس پروگرام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومتی کوششوں سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے باہر آ گیا ہے،موجودہ حکومت نے 60سے زائد اداروں کے سربراہ تعینات کیے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت نے تمام تعیناتیاں میرٹ پر کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طارق ملک کو نادرا کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر امریکی اڈوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ تمام اڈے پاکستان کے اپنے استعمال میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ریلوے کے نظام کو بہتر کرنا انتہائی ضروری ہے،ریلوے نظام کو بہتر کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریلوے کے نظام کو بہتر کیا جانا ضروری ہے لیکن اسے پھونک مار کر ٹھیک نہیں کیا جاسکتا، مسلم لیگ (ن) اتنے طویل عرصے اقتدار میں رہی مگر انہوں نے ریلوے ٹریکس پر کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اداروں کو دیمک کی طرح تباہ و برباد کیا ہے، موجود حکومت کو ہر ادارے کو نئے سرے سے بنانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریلوے کیلئے ایم ایل ون کا منصوبہ اہم ہے، ایم ایل ون منصوبہ مکمل ہونے پر ریلوے نظام بہتر ہو پائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی کی درخواست پر کابینہ نے بھارتی کمپنیوں سے کاروبار کی اجازت نہیں دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ ہونے والی پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز ملک میں نہیں دکھا پائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ نشر کرنے کے حقوق بھارتی کمپنیوں کے پاس ہے اور اس کے حل کے لیے ہم کوئی اور راستہ دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کرکٹ دیکھنا ضروری ہے اور اس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی کوشش کریں گے، اگر اس کا ہمیں کوئی متبادل نہیں مل سکا تو پی سی بی کو بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑیگا۔