ویکسین لگوائیں یا پھر جیل جائیں 

منیلا: فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے اعلان کیا ہے کہ جو ویکسین نہیں لگوائے گا وہ جیل جانے کے لیے تیار رہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں کورونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور عوام کی جانب سے ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ اور مزاحمت دکھانے پر صدر روڈریگو دوتیرتے نے اعلان کیا ہے کہ صرف دو ہی آپشن ہیں یا تو ویکسین لگوائیں یا پھر جیل جائیں۔

 انہوں  نے اعتراف کیا کہ ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے بے وقوفوں کی وجہ سے انہیں شدید غصہ ہے۔ ان سب ضدیوں نے اگر اب بھی ویکسین لگوانے سے انکار کیا تو سور کو بے ہوش کرنے والے شاٹس سے ان لوگوں کو بے ہوش کرکے ویکسین لگواؤں گا۔

صدر روڈریگو دوتیرتے کی اس غصے کی وجہ ملک میں بھارت سے آنے والے کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا وائرس کا تیزی سے پھیلنا ہے جس سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ باقی نہیں بچی ہے۔

اس سے قبل بھی فلپائن کے صدر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کی دھمکی دے چکے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی حکام کی جانب سے تین افراد پر گولی چلانے کا واقعہ رونما ہوا تھا جو شدید زخمی ہوگئے تھے اور ایک عمر بھر کے لیے معذور ہوگیا تھا۔