دبئی: بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شکست دینے والی کیوی ٹیم کے کپتان کو آئی سی سی نے بڑی خوشخبری سنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کی ہے، آئی سی سی رینکنگ میں کین ولیمسن نے آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ سےپہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
کین ولیمسن نے بھارت کیخلاف ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں اننچاس اور باون رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی، جس پر انہیں ٹیسٹ کے نمبر ون بلے باز کا اعزاز دیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی ایک درجے تنزلی ہوئی ہے جس کے باعث وہ ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، آسٹریلیا کے مارنس لیبس شیگن نے تیسری پوزیشن حاصل کی، قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم بھی ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں جگہ نہ بناسکے۔
بولرز رینکنگ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں، بھارتی اسپنر ایشون دوسرے، کیوی بولر ٹم ساؤتھی تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے، کیوی بولر نیل ویگنر پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
آل راؤنڈر رینکنگ میں بھارتی آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر دوسرے، بین اسٹوکس تیسرے، ایشون چوتھے اور شکیب الحسن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔