پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب علاج کے لیے کیپ ٹاؤن سے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو پیڈک ڈاکٹرز کل صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کے قیمتی کھلاڑی ہیں اور ان کے علاج کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے صائم ایوب کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اس سے پہلے، محسن نقوی اور صدر پاکستان آصف علی زرداری نے صائم ایوب کو فون کر کے ان کی خیریت معلوم کی تھی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ صائم ایوب کو دائیں ٹخنے میں فریکچر کا سامنا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ 6 ہفتوں تک کرکٹ سے باہر رہیں گے۔ یہ چوٹ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران آئی تھی۔