بنگلہ دیش میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک

ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریبا ً302 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ضلع چپائی نواب گنج میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث شادی کی تقریب میں شریک کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

چپائی نواب گنج کے ذیلی ضلع شیب گنج انتظامیہ کے سربراہ شکیب ال رابی نے بدھ کے روز موبائل فون پر شِنہوا کو بتایا کہ شادی کی تقریب والی کشتی پر آسمانی بجلی گرنے کے باعث 17 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ بدھ کی دوپہر دریائے پدما کے کنارے پر واقع کشتیوں کے ٹرمینل پر پیش آیا۔

حکام کے مطابق کشتی شادی کی تقریب میں شریک درجنوں افراد کو لیکر شدید بارش کے دوران دریائے پدما کو پار کر رہی تھی۔

دریا کے کنارے قائم ٹرمینل پر لنگرانداز ہونے کے بعد کشتی پر شدید آسمانی بجلی گری جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔


گزشتہ 2 ماہ کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ طور پر متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔