پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق غزنوی میزائل زمین سے زمین تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے، میزائل تجربے کا مقصد آرمی اسٹریٹجک کمانڈ فورس کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا تھا، تجربہ کے دوران میزائل کے تکنیکی پیرا میٹرز کو جانچا گیا۔
سنگل اسٹیج سالڈ فیول راکٹ موٹر کا حامل غزنوی میزائل 320 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تجربے کی کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے رواں سال 26 مارچ کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'شاہین ون-اے' کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
قبل ازیں پاکستان نے 11 فروری کو بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو 450 کلو میٹر فاصلے تک زمین اور سمندر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔