بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب

(پی ٹی آئی) کی جانب سے آزاد کشمیر کی صدارت کے امیدوار سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 34 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوئے ہیں، ان کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیئے۔

 آزاد کشمیر کے نئے منتخب صدر بیرسٹر سلطان محمود نے مجموعی طور پر 11 الیکشن لڑے جن میں سے 9 میں وہ کامیاب قرار پائے اور 2 الیکشن ہارے۔

بیرسٹر سلطان محمود نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1983ء میں برطانیہ کو خیرباد کہہ کر آزاد مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے 1985ء میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے پہلے الیکشن میں حصہ لیا اور اس میں وہ کامیاب ہوئے۔

بیرسٹر سلطان محمود ایک الیکشن 1991ء میں مسلم کانفرنس کے سابق وزیر ارشد محمود غازی مرحوم کے مقابلے میں جبکہ دوسرا 2016ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ نون کے امیدوار سابق وزیر چوہدری محمد سعید سے ہارے۔

1996ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی حکومت میں بیرسٹر سلطان محمود وزیرِ اعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں واحد ممبر اسمبلی ہیں جو 9 مرتبہ میر پور شہر کے حلقہ ایل اے 3 سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔

وہ آزاد مسلم کانفرنس، آزاد جموں و کشمیر لبریشن لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، پیپلز مسلم لیگ کے صدر رہ چکے ہیں اور اس وقت پاکستان تحریکِ انصاف آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا تعلق جاٹ قبیلے سے ہے، ان کے والد چوہدری نور حسین مرحوم سابق وزیرِ اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں آزاد کشمیر کے مشیرِ تعلیم رہے ہیں۔