سعودی عرب میں دنیا کا مہنگا ترین باز 5۔17لاکھ ریال میں فروخت 

ریاض:سعودی عرب میں بازوں کے بین الاقوامی نیلام کے آخری روز دنیا کا مہنگا ترین جیرنسل کا باز پیش کیا گیا۔

 بازوں کے ایک تربیت کار نے یہ باز 17.5 لاکھ ریال میں خرید لیا۔ نیلام کا انعقاد دارالحکومت ریاض کے شمال میں ملہم میں واقع سعودی فیلکن کلب میں ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق مذکورہ باز کی اصل ملکیت امریکا کے پیسیفک نارتھ ویسٹ فارم کے پاس ہے۔ یہ دنیا بھر میں بازوں کا اعلیٰ ترین فارم ہے۔ فروخت ہونے والا باز الٹرا وائٹ جیر ہے۔اس کی لمبائی 16.5 انچ اور وزن 980 گرام ہے۔

یہ دنیا بھر میں پہلا موقع تھا جب جیرباز کو کسی نیلام میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ملہم میں اس نیلام کا آغاز گذشتہ ماہ 5 اگست کو ہوا تھا۔ اس دوران میں بازوں کی فروخت کی ریکارڈ ڈیل دیکھی گئیں۔