لوگوں کی توجہ کے حصول کیلئے یوٹیوبر نے خود کو زندہ دفنا دیا

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حال ہی میں ترکی کے یوٹیوبر محمد بہجیجک  نے لوگوں کی توجہ کے حصول کیلئے غیر معمولی اسٹنٹس دکھا کر دنیا کو حیران کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، تُرک یوٹیوبر محمد بہجیجک نے 6 گھنٹے تک مٹی میں دفن رہ کر مداحوں سے کیا وعدہ پورا کردیا۔

یوٹیوبر نے مداحوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان کی کسی ویڈیو کو زیادہ لائک کریں گے تو وہ جواباً 6 گھنٹے تک مٹی میں دفن رہیں گے۔

ویڈیو پر لائیکس آنے کے بعد محمد بہجیجک نے خود کو شیشے سے تیار کیے گئے ایک خصوصی تابوت میں بند کیا جسے 2ہزار 400 ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا۔

محمد بہجیجک کے 6 گھنٹے تک زیر زمین دفن رہنے کے دوران انھیں ایک پائپ کے ذریعے آکسیجن فراہم کی گئی۔

دوسری جانب محمد بہجیجک نے جس مقام پر خود کو دفن کیا وہاں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور ڈاکٹرز وغیرہ پہلے سے موجود تھے۔

یوٹیوبر 6 گھنٹے بعد جب مٹی سے باہر نکلے وہ بالکل ٹھیک تھے بعد ازاں محمد بہجیجک نے اس تمام تر فعل کی  ویڈیو  اپنے یوٹیوب چینل پر  بھی اپ لوڈ کی جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔