انگلینڈ نے سری لنکا کو ہرا کر ورلڈکپ سے باہر کردیا

انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 

 شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو  بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

جوز بٹلز نے رواں ورلڈ کپ کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جوز بٹلز اگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں سنچری اسکور کی۔

اس کے علاوہ کپتان اوئن مورگن نے 40 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہراسنگا ڈی سلوا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکاکی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی نمبر 1 انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا۔

سری لنکا کی جانب سے ہراسنگا ڈی سلوا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان داسن شاناکا اور  راجا پکسا نے 26،26 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے معین علی، عادل رشید اور کرس جو رڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا رواں ورلڈکپ کی پہلی ٹیم ہے جو ایونٹ سے باہر ہوئی البتہ اس نے  اپنا آخری میچ  ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔