بنگلہ دیش84پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کی 6وکٹوں سے فتح

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ اے کے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں جاری میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقی بولرز کے سامنے بنگلادیش کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر کر رہ گئی اور پوری ٹیم  18.2 اوورز میں 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن 27 اور لٹن داس 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کے اینرخ نورکیا اور کگیسو رباڈا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں جنوبی افریقا نے 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے  ٹیمبا باوما نے 31 رنز بنائے جب کہ راسی وینڈر ڈیوسن 22 اور کوئنٹن ڈی کاک 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلا دیش کے تسکین احمد 18 رنز دے کر دو جب کہ مہدی حسن، اور نسم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

خیال رہے کہ گروپ اے میں اس وقت انگلینڈ 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ جنوبی افریقا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بنگلادیش اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر صفر کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔