پاکستان نے نمیبیا کو 190رنز کا بڑا ہدف دیدیا

ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے نمیبیا کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے اسے فتح کے لیے 190 رنز کا ہدف دے دیا جسے عبور کرنے کی کوشش میں نمیبیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے سپر 12 مرحلے کے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ اوورز کے اختتام تک 23 رنز، 10 اوورز کے اختتام تک 59 رنز اور 15ویں اوورز کے اختتام تک یہ اسکور 119 تک پہنچ گیا۔

میچ کی 14.2 گیند اور ٹیم کے 113 رنز کے اسکور پر پہلی وکٹ بابر اعظم کی گری جو 70 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے سات چوکے بھی مارے۔

ان کی جگہ فخر زمان کھیلنے پہنچے جو 16ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں ںے پانچ رنز بنائے۔ ان کی جگہ حفیظ کریز پر پہنچے اور آخر تک کھیلے۔

محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 79 رنز بنائے جن میں چار چھکے اور آٹھ چوکے شامل ہیں۔

محمد حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے شامل ہیں۔

پاکستان نے آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔