اصغر افغان کی جذباتی انداز میں سٹیڈیم سے رخصتی

یو اے ای میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان  کے اسٹیڈیم سے رخصتی کے وقت کے  جذباتی مناظر کی ویڈیو سامنے آگئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر  اصغر افغان کی ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے جس میں افغان ٹیم کے کھلاڑی انہیں کندھے پر اٹھا کر اسٹیڈیم سے باہر لے جارہے ہیں۔

اس دوران اصغر افغان کو ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے بلوں کی سلامی بھی دی جب کہ اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی کھڑے ہوکر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ڈیڑھ منٹ سے زائد کی ویڈیو میں اصغر افغان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان سے  متعلق  مذید جذباتی مناظر کو عکس بند کیا گیا ہے  جس  میں وہ منہ پر کیپ رکھ کر رو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔

اصغر افغان نے 114 ون ڈے، 75 ٹی ٹوئنٹی اور 6 ٹیسٹ میچ کھیلے جب کہ 115 میچز میں افغانستان کی کپتانی کی ہے، اصغر افغان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی کپتانی میں افغانستان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتا۔

ایک انٹرویو میں اصغر افغان نے پاکستان سے ہار پر انتہائی دل شکستہ انداز میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان پاکستان سے ہونے والی شکست کا دکھ ہے جو مجھ سمیت پوری ٹیم نے محسوس کیا اور اس شکست سے ہمارے دل ٹوٹ گئے۔