100 فیصد تماشائیوں کو پاک ویسٹ انڈیز کے میچز دیکھنے کی اجازت

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائیوں کو پاک ویسٹ انڈیز کے میچز دیکھنے کی اجازت مل گئی۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے ہدایت نامہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 12سال سے زائد العمر تماشائی کیلئے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازم ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ تماشائیوں اور آرگنائزر کیلئے ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹکٹ اور دعوت نامہ کوروناویکسین سرٹیفکیٹ دیکھ کر جاری کیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ہدایت کی ہے کہ فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں ٹی20 اور ون ڈے سیریز 13سے22 دسمبر تک ہوگی، میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں۔ پی ایس ایل7میں تماشائیوں کے حوالے سے فیصلہ دسمبر کے تیسرے ہفتے ہوگا۔

این سی او سی ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔