دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن؛پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف بیٹنگ جاری

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔ بارش نے میچ کو کچھ دیر روکنے پر مجبور کر دیا تاہم اب کھیل کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے اور قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر عابد علی اور عبداللہ شفیق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن دوسرے ٹیسٹ میں پارٹنر شپ زیادہ لمبی نہ چل سکی اور عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تاج السلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ اوپننگ پر آنے والے عابد علی بھی اس مرتبہ کمال نہ دکھا سکے اور صرف 39 رنز بنا کر تاج السلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔

سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ میزبان ٹیم نے تین تبدیلیاں کی ہیں اور آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کی ٹیم میں عابد علی ، عبداللہ شفیق، اظہر علی، بابراعظم ، فواد عالم ، محمدرضوان، فہیم اشرف، حسن علی ، ساجد خان ، نعمان علی ، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم میں شادمان اسلام، محمدالحسن ، نجم الحسین شانتو، مومن الحق، شکیب الحسن ، مشفیق ارحیم ، لٹن داس، مہدی حسن ، تاج السلام ، خالد احمد، عبادت حسین شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔