بابر اعظم کا تو ”صفر“ بھی سٹائلش ہوتاہے ، برسبین ٹیسٹ میں قومی کپتان کی تعریف

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران کمنٹیٹر بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔

آئی سی سی کی کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان آٹھویں نمبر پر ہیں۔

ایشز ٹیسٹ کے پہلے میچ کی دوسری اننگز میں 82 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے والے ڈیوڈ ملان ٹیسٹ اور ون ڈے میں تو بابر اعظم سے بہت پیچھے ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں اور بابر اعظم سے صرف 4 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

برسبین میں ٹیسٹ میچ تو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا لیکن تعریف بابر اعظم کے بیٹنگ اسٹائل کی ہوتی رہی۔

ٹیسٹ کے دوران ایک موقع پر جب ڈیوڈ ملان بیٹنگ کر رہے تھے تو کمنٹری باکس میں موجود مارک ہورڈ اور کیری او کیف بابر اعظم کی بیٹنگ پر گفتگو کرتے پائے گئے۔

مارک ہورڈ کا کہنا تھا میں جانتا ہوں کہ آپ کو بابر اعظم بہت اچھا لگتا ہے اور جب بھی اس کا نام آتا ہے تو آپ مسکرانے لگتے ہیں۔

کمنٹیٹر کیری او کیف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم 20 گیندیں کھیل کر بھی صفر پر آؤٹ ہو جائے تو بھی میں کہوں گا کہ بابر اچھی بیٹنگ کی، ایک اچھا صفر، ایک اسٹائلش صفر۔