بجلی سستی کرنے کے اعلان پر کیسے عملدرآمد ہوگا؟

لاہور: وزارت توانائی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی سستی کرنے کے اعلان کے بعد قیمتوں میں کمی کا طریقہ کار وضع کردیا۔

وزارت توانائی کے مطابق پانچ روپے فی یونٹ کمی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی سستی کرنے کے اعلان پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جون تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ تقریباً پانچ روپے فی یونٹ رہے گی۔

ہرماہ فیول ایڈجسٹمنٹ صارفین کومنتقل نہیں ہو گی، حکومت بنیادی ٹیرف میں سبسڈی بھی دے سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپے کا ریلیف مارچ میں دیا جائیگا جبکہ فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف اپریل میں اور مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف مئی میں ملے گا۔

وزارت توانائی ذرائع نے بتایا کہ جنوری تااپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ اوسطاً5روپے تک رہ سکتی ہے، ریلیف کو سبسڈی سے پورا کیا جائے گا۔