پاک بھارت کرکٹ اب بحال ہونی چاہیے، فواد چوہدری کا انڈیا کو پیغام

راولپنڈی: پاکستان آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز کے آغاز پر فواد چوہدری نے بھارت کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سازشوں کے بجائے خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے آگے آئے، ہمیں بھارت اور پاکستان کی اسپورٹس کو آگے بڑھانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوبیس سال بعد ہوم گراؤنڈ میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طویل جدوجہد اور انتھک کاوشوں کے بعد پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے، اس موقع پر بھارت کو کہتا ہوں کہ بھارت خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے آگے آئے، ہمیں بھارت اور پاکستان کی اسپورٹس کو آگے بڑھانا چاہیے، اور ہندوستان کے ساتھ لوگوں کا رابطہ بحال ہونا چاہیے۔

فواد حسین نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سازشوں کے بجائے پاکستان آ کر کھیلے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کھیلنے آئے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24 سال کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹاکرا آج راولپنڈی میں شروع ہورہا ہے، آسٹریلیا آپ کا شکریہ آپ نے یہ مارچ ہمارے لئےخوبصورت بنایا، پاکستان آپ کیلئے چشم براہ تھا،آسٹریلیا کے ہائ کمیشن کا شکریہ جنہوں نے اس ایونٹ کو ممکن بنانےکیلئے بہت محنت کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لئے دعائیہ کلمات بھی تحریر کئے۔