انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیسٹ اور ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم پانچ درجے بہتری کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ محمد رضوان دو درجے ترقی کر کے 19ویں پوزیشن پر آ گئے۔
ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے 12 درجے بہتری کے بعد 45ویں نمبر پر جگہ بنائی۔ سعود شکیل چھ درجے تنزلی کے بعد گیارہویں اور عبداللہ شفیق دو درجے نیچے گر کر 53ویں نمبر پر آ گئے۔
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کے چار بلے بازوں کی رینکنگ میں بہتری آئی۔ ٹیمبا باوما تین درجے ترقی کر کے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ ریان ریکلٹن 48 درجے کی ترقی کے بعد 55ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ کائل ویرین نے چار درجے بہتری کے ساتھ 24ویں پوزیشن حاصل کی۔
بھارت کے رشبھ پنت نے ٹیسٹ بلے بازوں کی ٹاپ ٹین میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر لی، وہ تین درجے ترقی کر کے نویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ہیری بروک دوسری پوزیشن پر ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلی پوزیشن پر ہیں، پیٹ کمنز اور کاگیسو ربادا ایک ایک درجے ترقی کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ پاکستان کے نعمان علی دو درجے نیچے گر کر گیارہویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی 20 رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، بابر اعظم ایک درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے، اور ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔