نئی ائر لائن کیو ائر ویز کو لائسنس جاری

کراچی : پاکستان کی ہوائی بازی کی صنعت کے لیے اچھی خبر آگئی، نجی شعبے میں آپریٹ ہونے والی ایک اور ائرلائن کا اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ایئر لائنز "کیو ائر ویز” کو لائسنس کا اجراء کردیا، شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس جاری کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کیو ائر ویز کو لائسنس دینے کی منظوری دی تھی، ائیر لائن کو دو سال کے لیے لائسنس کا اجراء کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ لائسنس کی معیاد یکم فروری2022 سے جنوری2024 تک ہوگی، دو سال بعد لائسنس کو متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد لائسنس کی معیاد میں اضافہ کیا جائے گا۔

قواعد و ضوابط کے مطابق نئی ایئر لائن "کیو ایئرویز” کو تین بلنگ سائیکل کی مد میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی فیس جمع کرانا ہوگی۔

سی او او کیو ایئرویز کامران حسن نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔