آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنالئے

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے روک دیا گیا جب کہ آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنالئے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان پر 138 رنز بنالئے۔

جس کے بعد ڈیوڈ وارنر ساجد خان کے ہاتھوں 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جب کہ عثمان خواجہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر امام الحق کا شکار بنے۔ دونوں نے 165 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

آسٹریلیا کے کھلاڑی مارنوس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور مجموعی 271  رنز بنالئے تاہم خراب روشنی اور بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ مارنوس لبوشین 69 اور اسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

گزشتہ روز کنگروز کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور بغیر کسی نقصان 5 رنز بنالیے تھے تاہم خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔

پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 بنارکھے تھے۔

پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا، سابق کپتان اظہر علی نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 185 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گرگئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی۔

پاکستان نے چائے کے وقفہ تک 2 وکٹوں پر 394 رنز بنائے۔ وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی۔ نتھن لائن ، پیٹ کمنز اور مارنوس لابو شین نے ایک ایک وکٹ لی۔