میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران شائقین لڑپڑے،17کے ہلاک ہونے کی اطلاعات

میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران شائقین گتھم گتھا ہوگئے جس کے نتیجے میں  22 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 17 کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ہفتے کے روز میکسیکو کی فٹبال لیگ (لیگا ایم ایکس) میں کوئریٹارو اور اٹلاس کے درمیان کھیلے جانے والا میچ میدان میں موجود شائقین کے درمیان لڑائی کی وجہ سے 63 منٹ کے بعدختم کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں نے بھی شائقین کے درمیان جھگڑے کو روکنے کی کوشش کی لیکن شائقین ایک دوسرے کو مارتے رہے۔

واقعے میں کم از کم 22 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ میچ میں ہونے والی لڑائی میں17 افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

لیگ کے صدر نے کہا کہ اتوار کے روز کھیلے جانے والے تمام میچز  زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی کے ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے گی۔