پنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں سات وکٹ پر 449 رنز بنالیے اور اسے خسارہ پورا کرنےکے لیے27 رنز درکار ہیں۔

گزشتہ رات سے ہونے والی بارش کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔

میچ شروع ہونے سے قبل کورز ہٹاکر پچ کو سکھایا گیا اور امپائرز نے دو مرتبہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد میچ شروع کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔

بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کھانےکے وقفے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 271 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سےکیا۔

مارنس لبوشین 90 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، ٹریوس ہیڈ 8 رنز بناسکے، جس کے بعد کیمرن گرین اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور407 تک پہنچادیا اور پھر گرین 48 اور اسٹیو اسمتھ 78 رنز  بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد الیکس کیری کو 19 کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ نے بولڈ کیا، آسٹریلیا نے دن کے اختتام تک سات وکٹ پر 449 رنز بنالیے ہیں، اس وقت مچل اسٹارک 12 اور پیٹ کمنز 4 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 4، شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک،ایک  وکٹ حاصل کی۔

یاد رہےکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 185 اور امام الحق نے 157 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔