شین وارن کو بہترین اسپنر تصور نہیں کرتا، سنیل گواسکر

نئی دلی: بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن کو دنیا کا بہترین اسپنر ماننے سے انکار کردیا۔

بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ آسٹریلیا کے انجہانی کرکٹر شین وارن کی دنیائے کرکٹ میں بہت خدمات ہیں تاہم میں انہیں بہترین اسپنر تصور نہیں کرتا، البتہ میں سرلنکا کے متھیا مرلی دھرن کو وارن پر ترجیع دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ شین وارن کی بھارت کے خلاف کارکردگی اچھی نہیں رہی وہ ایک عام لیگ اسپنر کے طور پر سامنے آئے، مجھے نہیں لگتا کہ میں انہیں عظیم لیگ اسپنر کہہ سکتا ہوں۔

یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن جمعہ کے روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث 52 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے تھے، وارن چھٹیاں گزارنے کے لیے تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں قائم اپنے ولا میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کا کرکٹ کیرئیر 1992ء سے 2007ء پر محیط رہا، انہوں نے 145 ٹیسٹ اور 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی 20 کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 70 تھی۔