موجودہ سیاسی صورتحال، سرمایہ کاروں کے 213ارب روپے ڈوب گئے 

کراچی: سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال،اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں میں خوف کی لہر دوڑنے اور نئی سرمایہ کاری کا سلسلہ رکنے کی وجہ سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو بدترین مندی کی زد میں آ گئی۔

 کے ایس ای100انڈیکس 1200پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 44ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا اور 43200پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔

کاروباری مندی سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 213ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب روپے سے گھٹ کر 74کھرب روپے رہ گیا۔کاروباری مندی کے سبب84.07فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو 8ارب روپے مالیت کے23کروڑ68لاکھ81ہزار حصص کے سودے ہوئے‘مجموعی طور پر 358کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے41کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،301میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔