راولپنڈی ٹیسٹ: آسٹریلوی ٹیم کی پہلی اننگز کا 459 رنز پر اختتام

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 459 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سیریز کے پہلے ٹسٹ کا آج آخری روز ہے۔

کھیل کے آخری روز آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز 7 وکٹ کےنقصان پر 449 رنز سے کیا لیکن پاکستانی بولرز نے کھیل کی شروعات  میں  ہی کینگروز کو قابو  کرلیا۔

455 کے مجموعے پر آسٹریلوی  کپتان پیٹ کمنز نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے اور  ان کے بعد 459 کے اسکور پر شاہین آفریدی نے مچل اسٹارک کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

459 اسکور پر ہی نعمان علی نے نتھن لیون کو تین رنز پرپویلین بھیجا۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے سب سے زیادہ 6 وکٹیں لیں جب کہ شاہین آٖفریدی نے 2، نسیم  شاہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

یاد رہےکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 185 اور امام الحق نے 157 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔