نئے کرکٹ قوانین کی منظوری

سڈنی: بولرز گیند کو چمکانے کیلئے اب تھوک استعمال نہیں کرسکیں گے، نئے کرکٹ قوانین کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ قوانین بنانے والے کلب ایم سی سی نے نئے کرکٹ قوانین کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کا استعمال بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں شامل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل عالمی وبا کرونا کے باعث آئی سی سی نے تھوک سے گیند چمکانے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا تھا، جس کا اولین مقصد کھلاڑی کی صحت کی حفاظت تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے گیند پر تھوک لگانے کی پابندی کے بعد یہ خیال کیا جارہا تھا کہ یہ اقدام سوئنگ کے اثر و رسوخ کو ختم کردے گا۔

اس کے علاوہ قوانین بنانے والی کمیٹی نے بلے باز کے کیچ آؤٹ ہونے کی صورت میں نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بلے باز کو کراسنگ کے باوجود اسٹرائیک سنبھالنے سے بھی روک دیا۔

نئے کرکٹ قانون کے مطابق اب نیا آنیوالا بلے باز ہی گیند کا سامنا کرے گا، یہ قوانین یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گے۔