کراچی ٹیسٹ، آسٹریلوی کپتان کا 2سپنرز کیساتھ کھیلنے کا فیصلہ

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کراچی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے حکمت عملی میں تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔

حال میں پریس کے دوران پیٹ کمنز نے باقی ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف  بقیہ ٹیسٹ میچز کے لیے بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ دو اسپنرز کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر چہ کراچی کی پچ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اب آگے بڑھنےکا بہترین طریقہ باقی سیریز میں اسپنرز کو شامل کرنا ہے  تاہم  پچ دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا کہ کن دو اسپنرز کو ٹیم میں شامل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پنڈی اسٹیڈیم کی وہ روایتی پچ نہیں تھی جس کے بارے میں ہم نے جانا اور دیکھا تھا، یہ وہ پچ نہیں تھی جس کے بارے میں پنڈی اسٹیڈیم مشہور ہے، ایسی پچز جن پر بولرز کے لیے کچھ نہ ہو ان پر میچ ڈرا ہونے کا ہی امکان ہوتا ہے۔

آسٹریلوی کپتان نے پنڈی اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی تعریف بھی کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی میں شروع ہوگا۔