کراچی ٹیسٹ، آسٹریلیا کے 3وکٹوں پر 251رنز ، عثمان خواجہ کی سنچری

کراچی: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری کراچی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنالیے۔

پہلا روز

کراچی میں کھیلے جارہے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے سیشن میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 36 رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ مارنوس لیمبوشین بغیر کوئی سکور کیے رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ ساجد خان نے حاصل کی۔

پہلے روز کے کھیل کے اختتام سے ایک اوور قبل پاکستان نے بریک تھرو حاصل کیا اور اسٹیو اسمتھ 71 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔ اوپنر عثمان خواجہ نے 127 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے اور اب ہمارا کام اچھی بیٹنگ کرنا ہے، مچل سوئپسن کو ٹیسٹ میں ڈیبیو کروا رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ یقینی طور پر کراچی کی پچ بعد میں اسپنرز کو مدد فراہم کرے گی، ٹیم میں افتخار احمد اور نسیم کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کو شامل کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کینگروز اور گرین شرٹس کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔