بابر اعظم چوتھی اننگز میں 607منٹ بیٹنگ کرنیوالے پہلے ایشین بلےباز بن گئے

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ میچ میں چوتھی اننگز کے دوران 10 گھنٹے تک وکٹ پر بیٹنگ کرنے والے پہلے ایشین بلے باز بن گئے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے گئے کراچی ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 607 منٹ تک بیٹنگ کی اور 196 رنز بناکر ٹیم کو ممکنہ شکست سے بچالیا۔

اسی کے ساتھ مسلسل 10 گھنٹوں تک بیٹنگ کرنے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل انگلینڈ کے مائیک ایتھرٹن نے جنوبی افریقہ کے خلاف 643 منٹ تک بیٹنگ کی تھی۔

علاوہ ازیں بابراعظم چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ بالز کھیلنے والے بھی پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں، اس سے قبل شعیب ملک نے 369 بالز کھیل رکھی تھیں۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے یونس خان کا چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 171 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا تھا، سابق کپتان نے سال 2015 میں سری لنکن ٹیم کے خلاف بنایا تھا۔

یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان نے دن کے اختتام تک 443 رنز اسکور کیے تھے۔