ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ 2022 کی تاریخوں اور میزبان ملک کا اعلان کر دیا۔ اے سی سی کا اجلاس کولمبو میں ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا اور سی ای او فیصل حسنین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بھارت کے جے شاہ کو 2024 تک متقفہ طور اے سی سی کا صدر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ قطر کرکٹ ایسوی ایشن کو اے سی سی کی مکمل رکینت بھی دی گئی۔
اے سی سی کے اجلاس میں سری لنکا کو ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ 2022 کی میزبانی دینے کا اعلان بھی کیا گیا، ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا جس میں ایشیا سے تعلق رکھنے والی 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
میزبان سری لنکا کے علاوہ بھارت، پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی جب کہ ایک اور ایشیائی ٹیم کا فیصلہ کوالیفائرز کے بعد کیا جائے گا جو کہ 20 اگست سے کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کا انعقاد ہر 2 سال بعد کیا جاتا ہے تاہم 2020 میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کوروناکے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ 2023 کے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کرے گا۔