لاہور ٹیسٹ،قومی ٹیم 268 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو 134 رنز کی برتری

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 268 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی جب کہ آسٹریلیا نے 134 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنا لیے اور یوں کینگروز کو 134 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔

کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کے گیند بازوں نے بہترین کم بیک کیا۔ کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کی۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 268 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی۔ قومی ٹیم آخری 7 وکٹیں صرف 20 رنز کا اضافہ کر سکیں۔ ایک موقع پر پاکستان کے 248 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھے۔

آج کھیل کے پہلے سیشن میں اظہر علی اور عبد اللّٰہ شفیق نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔ تیسرے روز کھانے کے وقفے تک ایک سو انسٹھ رنز بنا لیے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں تین سو اکانویں رنز اسکور کیے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تیسرے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن یوم پاکستان کے نام کر دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تیسرے روز کھیل کا آغاز بھی قومی ترانے سے کیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل کرنے کیلئے دونوں ٹیمیں میدان میں آئیں تو پہلے قومی ترانا بجایا گیا اور کھلاڑی اس کے احترام میں گراﺅنڈ میں کھڑے ہوئے۔

اس موقع پر قذافی اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں میں2500 جھنڈے بھی تقسیم کئے گئے اور یہ کام پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے خود انجام دیا۔

اس کے علاوہ میچ میں کمنٹری کیلئے موجود ملکی اور غیر ملکی کمنٹیٹرز نے بھی سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دوسرے دن کے کھیل میں پاکستان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے جبکہ اسے مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے میں مزید 301 رنز درکار تھے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

قومی ٹیم کو دوسرے دن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جلد ہی امام الحق کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا تھا، وہ 20 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔

اس کے بعد سے نوجوان عبداللّٰہ شفیق اور اظہر علی نے 70 رنز کی پارٹنرشپ بناکر دن کا اختتام مثبت انداز میں کیا، دونوں بالترتیب 45 اور 30 رنز پر ناقابلِ شکست تھے۔