کم از کم ماہانہ اجرت 25ہزار روپے کرنے ، تنخواہوں و پنشن میں 10فیصد اضافے کا اعلان

نومنتخب وزیراعظم  شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں اعلان کیا کہ یکم اپریل سے کم سے کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کررہے ہیں،صوبوں کے تعاون سے آئندہ چند روز میں ضروری قانونی کارروائی کریں گے، اس کا اطلاق اسی ماہ سے ہوگا۔

سرمایہ کاروں سے درخواست ہے جن ملازمین کی تنخواہ ایک لاکھ روپے تک ہے وہ ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافہ کریں،ہم آنے والے دنوں میں ملک کو سرمایہ کاروں کے لیے جنت بنادیں گے، پنشن بھی 10 فیصد بڑھا رہے ہیں۔

نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے بے نظیر کارڈ دوبارہ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیرکارڈ کو مزید وسعت دے رہے ہیں،تعلیم کو بھی اس سے منسلک کریں گے.

رمضان پیکج کے حوالے سے سستا آٹا لے کر آئیں گے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، ہم نے سستی بجلی کے منصوبے بنائے لیکن ان لوگوں نے مہنگے منصوبے بنائے جس سے بجلی مہنگی ہوئی ہے اور کارخانوں اور ایکسپورٹر کو شدید نقصان پہنچایا ہم چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے.

این ایف سی ایوارڈ 2010 میں ہوا جو  آج تک چل رہا ہے،  ان کو  توفیق نہیں ہوئی کہ این ایف سی ایوارڈ دیتے۔