کراچی: ملک کے مقبول ترین ڈرامے ’’پری زاد‘‘ کے مصنف ہاشم ندیم نے ڈرامہ کا سیکوئل بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی پر نشر کیے گئے ڈرامے پری زاد میں اداکار احمد علی اکبر نے مرکزی کردار نبھایا، جنہوں نے اس کردار کے لیے اپنی ظاہری شخصیت کو بھی تبدیل کیا.
پری زاد ایک سانولے رنگت والے نوجوان کی کہانی ہے جو اپنی وفاداری، ایمانداری اور خود داری کی وجہ سے ورکشاپ میں کام کرنے والے معمولی انسان سے ایک بہت امیر بزنس مین بن جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈرامے کے مصنف ہاشم ندیم نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اداکار احمد کی تصویر شیر کی جس پر لکھا تھا ’’چیپٹر 2‘‘۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کے سیکوئل پر کام ہوگا۔
البتہ اس ضمن میں ڈرامہ پروڈکشن کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی اور نہ ہی ہاشم ندیم نے تفصیلات بتائیں۔