سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم پر حکم امتناع جاری کردیا۔
عامر لیاقت حسین کے بچوں کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں عدالت نے مختصر سماعت کے بعد عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم پر حکم امتناع جاری کردیا۔
عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم معطل کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ 18 جون کو شہری عبد الاحد نے معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ جو عدالت نے منظور کرلی تھی،جس پر 20 جون کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے سیکریٹری صحت کو خط لکھ کر حکم دیا تھا کہ معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے 23 جون کو عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے قبرکشائی کا حکم دیا تھا۔
خیال رہےکہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔