بھارت کی معروف گلوکارہ، موسیقار اور نغمہ نگار سونا موہاپاترا نے انکشاف کیا ہےکہ بالی وڈ اداکار سلمان خان پر تنقید کرنے پر انہیں ریپ اور قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
خیال رہےکہ 2016 میں اپنی فلم 'سلطان' کی تشہیر کے دوران سلمان خان نے کہا تھا کہ وہ اس فلم کی شوٹنگ کے بعد ایسا محسوس کر رہے تھےکہ جیسے جنسی زیادتی کے بعد کوئی عورت ہو۔
سلمان کے اس بیان کے بعد انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سلمان کے بیان کی مذمت کی تھی جن میں بھارتی گلوکارہ سونا موہاپاترا بھی شامل تھیں۔
اب گلوکارہ نے انکشاف کیا ہے جب انہوں نے سلمان پر تنقیدکی تو اداکار کے مداحوں کی جانب سے انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں ریپ کی دھمکیاں دی گئیں۔
سونا موہاپاترا کا مزید کہنا تھا کہ جب سلمان نے اپنی فلم ' بھارت' میں کام سے انکار کرکے شادی کے لیے بیرون ملک جانے پر پریانکا پر تنقید کی تھی تو اس وقت بھی میں نے پریانکا کی حمایت کی تھی اور اس مرتبہ بھی مجھے انتہائی شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
سونا موہاپاترا نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مجھ پر سخت تنقیدکی گئی اور مجھے قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں، یہی نہیں بلکہ اسٹوڈیو میں کام کے دوران مجھے لنچ باکس میں فضلہ بھیج کر اذیت دی گئی۔
گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران مجھے اجتماعی زیادتی کی دھمکیاں بھی دی گئیں اور فحش مواد والی ویب سائٹس پر میری ایڈیٹ کردہ تصاویر بھی لگادی گئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت میرے اور میری فیملی کے لیے انتہائی اذیت ناک تھا، ہم سب کو اس دوران انتہائی خوف ناک صورت حال سے گزرنا پڑا۔