بالی وڈ اداکارہ سارا علی خان اور سلمان خان کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے،جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تقریب میں سٹیج پر اداکارہ کی جانب سے سلمان خان کو ازراہ مذاق انکل کہنے پر سلمان خان کے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں اور دبنگ خان سٹیج پر ہی سارہ علی خان کو فلم دینے سے انکار کردیتا ہے۔
انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ ’آئی آئی ایف اے‘ کی تقریب سے لیا گیا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں سارا علی خان اور سلمان خان نوک جھوک کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے تقریب میں اسٹیج پر سلمان خان سے مذاقاً کہا کہ ’میں سلمان انکل کے ساتھ اپنا کوئی برانڈ لانچ کرنے جارہی ہوں‘ جواب میں سلمان خان کے چہرے کے تاثرات بدلے جب کہ ایوارڈ تقریب میں بیٹھے حاضرین قہقہے لگانے لگے۔
سارا کی بات کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ 'تمہاری پکچر اب گئی'، سارا نے حیرانی سے اداکار کی جانب دیکھا جس پر دبنگ خان نے کہا کہ 'ظاہر ہے آپ میرے ساتھ فلم میں آتیں تو ہیروئن آتیں، اب آپ نے سب کے سامنے مجھے انکل کہہ دیا'۔
بالی وڈ اداکاروں کی مذکورہ ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ آئی آئی ایف اے کی تقریب کی عکسبندی جون کے آغاز میں اماراتی دارالحکومت ابوظبی میں ہوئی، ایوارڈ شو 25 جون کو بھارت کے ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا۔