قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور سابق ورلڈ کلاس بیٹر محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کامیابی کی وجہ بتائی ہے۔
دبئی کے سخت گرم موسم میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ شدید گرم موسم اور حبس کے باوجود لڑکے ٹورنامنٹ کے لیے پرجوش ہیں اور ٹیم مینجمنٹ نے پریکٹس سیشن کا پلان بھی اسی مناسبت سے ترتیب دیا ہے۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں اور ہر قسم کی ممکنہ صورتحال سے اچھی طرح واقف ہیں، ہم نے ایک سخت پریکٹس سیشن کیا اور تمام کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بھرپور محنت کی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہے اور گزشتہ 3 سالوں کے دوران کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارمنس اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے کہا کہ کسی بھی کپتان کے لیے اپنی بیٹنگ اسکلز پر فوکس کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا لیکن بابر اعظم کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں مسلسل اچھا پرفارم کر رہا ہے۔