300یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے صارفین سے ایف پی اے وصول نہ کرنیکا اعلامیہ جاری 

 اسلام آ باد: وزیراعظم شہبازشریف کے حکم پر 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارج یعنی ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی، جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

 وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کی مد میں جو شہری بل ادا کرچکے ہیں، انکی آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کردی جائے گی۔

 واضح رہے کہ اگست کے مہینے کے بلوں میں مہنگے ایندھن کی قیمت شامل کی گئی تھی جس پر شہری سراپا احتجاج تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے ملک کے لاکھوں صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا تھا جس کے باعث شہریوں کو بل جمع کروانے پڑے۔

 دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کے ریلیف کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے عوام سے کیاگیا وعدہ پورا کردیا اعلامیہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں پایا جانے والا تذبذب اب ختم ہوگیا وزیر اعظم نے اعلان پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا تھا مریم اورنگزیب نے کہا کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بل کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی، جو شہری بل ادا کر چکے ہیں ان کیلئے آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔